مقبوضہ کشمیر : بھارتی فوجیوں کی بڑے پیمانے پر تلاشی اور محاصرے کی کارروائیاں

سرینگر:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کی تلاشی اور محاصرے کی بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کٹھوعہ کے علاقے ملہار میں مسلسل دوسرے روز بھارتی فوج، سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور سپیشل آپریشن گروپ کے اہلکاروں نے مشترکہ طور پر شروع کی گئی کارروائیوں کے دوران ڈرونز اور سراغ رساں کتوں بھی استعمال کیا ۔کشتواڑ کے علاقے کیشوان میں راشٹریہ رائفلز، سی آر پی ایف اور ایس او جی کے اہلکاروں نے مسلسل تیسرے دن محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھی۔بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے مسلسل دوسرے دن ضلع پونچھ کے علاقوں سرنکوٹ، مینڈھر، گرسائی، منڈی اور گنٹریان اوردیگر میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں کیں ۔ادھم پور اور ڈوڈا اضلاع میں سیوج دھر، دودو بسنت گڑھ اور بھدرواہ میں فوجی کارروائی منگل کو پانچویں دن بھی جاری رہی ۔کپواڑہ اور جموں اضلاع کے علاقوں ہندواڑہ اور نوگام میں دوسرے دن بھی بھارتی فورسز کی تلاشی کی پرتشدد کارروائیاں جاری رہیں۔ اس کے علاوہ بھارتی باڈر سکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے جموں کے علاقے آر ایس پورہ میں بارڈر آئوٹ پوسٹوں چکروئی اور جگنوچک کے گائوں جاجووال میں مسلسل چوتھے دن بھی تلاشی کی کارروائی جاری رکھی۔
ادھر بھارتی فوج کے جنرل آفیسر کمانڈنگ وائٹ نائٹ 16کور لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرانے جی او سی کائونٹر انسرجنسی فورس ڈیلٹا، میجر جنرل اے پی ایس بال کے ہمراہ ضلع ڈوڈہ میں فوجیوں کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔ بھارتی پولیس نے سرینگر میں ڈل جھیل کے کنارے سے برآمد ہونے والے دھماکہ خیز مواد کو تباہ کر دیاہے۔یہ دھماکہ خیز مواد معمول کی نگرانی کے دوران برآمد ہو اتھا۔






