کشمیر تنازعے کا حل جنوبی ایشیا میں دیرپا امن اور خوشحالی کی کنجی ہے، پاکستان

جنیوا:جنیوا میں اقوام متحدہ کے دفتر میں پاکستان کے مستقل مشن نے عالمی ادارے کی انسانی حقوق کونسل کو گمراہ کرنے کی بھارتی کوششوں کو ایک بار پھر ناکام بنا دیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کی سالانہ رپورٹ پر بحث کے دوران جواب کا حق استعمال کرتے ہوئے پاکستان کے نمائندے منیب احمد نے بھارتی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے بغیر ثبوت کے پہلگام واقعے کا الزام پاکستان پر لگایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کے پاکستان کے مطالبے کو مسترد اور صبر و تحمل کی بین الاقوامی اپیلوں کو نظر انداز کر دیا ۔
انہوںنے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کی آڑ میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے خلاف اپنے مظالم تیز کر دیے اور اس نے پاکستان میں شہریوں، رہائش گاہوں اورمساجد پر جان بوجھ کر بلاجواز حملے کیے۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر تنازعے کا حل جنوبی ایشیا میں دیرپا امن اور خوشحالی کی کنجی ہے ۔منیب احمد نے کہا کہ جموںوکشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں بلکہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ خطہ ہے اور جب تک کشمیری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں کے مطابق اپنے ناق قابل تنسیخ حق ، حق خود ارادیت کا استعمال نہیں کرتے، علاقے کی متنازعہ حیثیت برقرار رہے گی۔
انہوںنے کہا کہ بھارت کو چاہیے کہ وہ پاکستان پر بے جاالزامات کے بجائے اپنی ہندو توا بالادستی کی پالیسی پر نظر ثانی کرے اورکشمیری عوام کو انکا پیدائشی حق حق خود ارادیت دے۔



