کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی پر امن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں

اسلام آباد: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کیلئے پر امن جدوجہد آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت گزشتہ سات دہائیوں سے دیرینہ تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اورپرامن حل کی راہ میں مسلسل رکاوٹیں ڈال رہا ہے اور کشمیریوں کوانکے بنیادی حق خودارادیت سے محروم رکھ کر اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کررہاہے۔تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام قائم نہیں ہو سکتا کیونکہ علاقائی امن کا انحصار کشمیری عوام کی خوہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل پر ہے۔مودی حکومت فوجی طاقت کے بل پر کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو دبا نہیں سکتی۔کشمیر خطے میں ایک جوہری فلیش پوائنٹ بن چکا ہے۔اب وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ اورعالمی طاقتیں کشمیریوںکو انکا حق خودارادیت دلانے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں ۔







