دہشتگرد پراکسیز ختم کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے:فیلڈ مارشل عاصم منیر
اسلام آباد:آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارتی اسپانسرڈ فتنة الہندوستان اور فتنة الخوارج عوام مخالف پروپیگنڈا کر رہے ہیں اور یہ تشدد کو ہوا دے رہے ہیں، دہشت گرد پراکسیز کے خاتمے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے 17ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا ء سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے اور یہاں کے عوام محب وطن، باصلاحیت اور پرعزم ہیں۔ بلوچستان کے عوام ملک کا حقیقی سرمایہ ہیں، صوبے کے عوام بے پناہ اقتصادی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے وفاقی اورصوبائی حکومتوں کے ترقیاتی اقدامات پر روشنی ڈالی، ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام صوبے کے بے پناہ اقتصادی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں، نوجوان ترقی اور دیرپا استحکام کے لیے اپناکردار ادا کریں۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بھارتی اسپانسرڈ فتنة الہندوستان اور فتنة الخوارج عوام مخالف پروپیگنڈا کر رہے ہیں اور یہ دہشت گرد تشدد کو ہوا دے رہے ہیں، دہشت گرد پراکسیز کے خاتمے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔واضح رہے کہ 3روز قبل پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا تھا کہ میں بھارت کی عسکری قیادت کو نصیحت اور واضح طور پر خبردار کرتا ہوں کہ جوہری ماحول میں جنگ کے لیے کوئی جگہ نہیں۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مطالبہ کیا تھا کہ نئی دہلی بین الاقوامی اصولوں کے مطابق بنیادی مسائل حل کرے، ہم آپ کی دھمکیوں سے نہ تو خوفزدہ ہوں گے اور نہ ہی دبائومیں آئیں گے اور کسی بھی معمولی اشتعال انگیزی کا بلا کسی تردد فیصلہ کن جواب دیں گے۔انہوں نے خبردار کیا تھا کہ کسی بھی ممکنہ کشیدگی کا بوجھ، جو پورے خطے اور اس سے آگے تباہ کن نتائج لا سکتا ہے، مکمل طور پر بھارت کے سر ہوگا۔



