کشمیری عوام حق خودارادیت ملنے تک اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے: بلال صدیقی
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما بلال احمد صدیقی نے کہا ہے کہ بھارت روز اول سے کشمیری عوام کے ساتھ غلاموں جیسا سلوک کررہاہے جبکہ وہ بھی آزادی ، مساویانہ سلوک اوراحترام کا حق رکھتے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بلال صدیقی نے سینٹرل جیل سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ جموں و کشمیر پر کئی دہائیوں سے طاقت، جبر اور دھوکے سے حکومت کی جارہی ہے جبکہ عالمی برادری خصوصا اقوام متحدہ کی طرف سے کئے گئے وعدے ابھی تک پورے نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو ان کے سیاسی مستقبل کا تعین کرنے کے حق کی یقین دہانی کرائی گئی تھی لیکن ان کی قومی شناخت اور امنگوں کو منظم طریقے سے کچلا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے دفعہ370اور 35Aکی منسوخی کے بعدجموں و کشمیر کے لوگوں کی شہری حیثیت کم کر کے انہیں براہ راست اپنے کنٹرول میں رکھا ہے ، ان پر فوجی محاصرہ مسلط کردیاہے، اظہار رائے اور اجتماع کی آزادی پر پابندی جبکہ خطے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کی ہے۔بلال صدیقی نے کہا کہ حقیقی شہریت کی بنیاد حقوق، انصاف اور مساوات پرہوتی ہے او کشمیریوں کو ان سب سے محروم کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی حکومت کو یہ اخلاقی یا قانونی اختیار نہیں ہے کہ وہ کشمیری عوام کی تاریخ، شناخت یا سیاسی امنگوں کو مٹا سکے۔انہوں نے اقوام متحدہ، انسانی حقوق کے بین الاقوامی علمبرداروں اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کے ساتھ ہونے والی سنگین ناانصافیوں کو تسلیم کریں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگ اپنی پرامن جدوجہد اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک انہیں اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ حق خودارادیت نہیں دیا جاتا۔






