ٹرمپ نے ایک بار پھر مودی کو نیچا دکھا نے کے لئے پاک بھارت جھڑپ میں7 طیارے تباہ ہونے کی بات دہرائی
واشنگٹن : مریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ رواں سال مئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی مختصر فوجی جھڑپ میں سات بالکل نئے اور خوبصورت طیارے مار گرائے گئے تھے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بین الاقوامی میڈیا رپورٹس میں کہاگیا ہے کہ ٹرمپ نے جاپان کے دورے کے دوران کاروباری رہنمائوں کے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت کی جانب سے مختلف ممالک پر لگائے گئے ٹیرِف نے کئی جنگوں کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا اگر آپ بھارت اور پاکستان کو دیکھیں، وہ ایک دوسرے سے الجھنے والے تھے، ان کی مختصر جھڑپ میں سات نئے اور خوبصورت جہاز تباہ ہو گئے۔صدرٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی، پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خبردار کیا تھا کہ اگر دونوں ممالک لڑے تو امریکہ کوئی تجارتی معاہدہ نہیں کرے گا۔انہوں نے کہا ہم نے واضح کر دیا تھا کہ اگر تم لوگ لڑو گے تو کوئی ڈیل نہیں ہوگی اور 24گھنٹوں کے اندر اندر معاملہ ختم ہو گیا۔یاد رہے کہ مئی میں ہونے والی جھڑپ میں پاکستان کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ بھارت کے 6جنگی طیارے مار گرائے گئے ہیں جن میں رافیل طیارے بھی شامل تھے جس کے ثبوت بھی فراہم کیے گئے۔ تاہم بھارت نے طیاروں کی تباہی کے دعوے کو تسلیم کرنے سے انکار کیا۔





