امریکا کا جنگ میں بھارت کیخلاف پاکستان کی فتح کا اعتراف؛ کانگریس میں رپورٹ پیش
نیویارک:
امریکی کانگریس نے رواں سال مئی میں 4روزہ جنگ میں بھارت کے خلاف پاکستان کی فتح پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق امریکی کانگریس میں پیش کی گئی یوایس چائنا اکنامک اینڈ سکیورٹی کمیشن کی رپورٹ میں اعتراف کیا گیا ہے کہ رواں سال 7مئی کوہونے والی پاک بھارت جنگ میں بھارت کوبدترین شکست ہوئی، پاکستان کی فتح میں چینی ہتھیاروں نے بنیادی کردار ادا کیا۔رپورٹ کے مطابق پاکستان نے فرانسیسی ساختہ بھارتی رافیل طیارے گرانے کے لیے چینی میزائل سسٹمز اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جبکہ چینی انٹیلی جنس نے بھی پاکستان کی مدد کی۔رپورٹ میں مزیدکہا گیا کہ بھارت نے خود تسلیم کیا ہے کہ پاکستان نے جنگ کے دوران اس کے 109 فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔امریکی کانگریس کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی کامیابی کو دیکھ کر انڈونیشیا نے رافیل طیاروں کی خریداری کا منصوبہ ترک کر دیا۔بھارت کی شکست کی وجہ سے رافیل طیاروں کی عالمی ساکھ کو بھی نقصان پہنچاہے۔رپورٹ میں چین اور پاکستان کے درمیان ہونے والی حالیہ مشقوں کا بھی ذکر کیاگیاہے، جن میں 2024کے آخر میں ہونے والی تین ہفتوں پر مشتمل وارئیر- VIII انسدادِ دہشتگردی مشقیں اور 2025میں پاک بحریہ کی ملٹی نیشنل امن مشقوں میں چین کی شرکت شامل ہے۔







