شکیل احمدنقشبندی جامع مسجد سرینگر کے نائب امام مقرر
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے شکیل احمد نقشبندی کو جامع مسجد سرینگر کا نائب امام مقررکیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جامع مسجد سرینگر کے امام اوربزرگ عالم دین مولانااحمد سعید نقشبندی کی پیرانہ سالی اور خرابی صحت کی بنا پر ان کے فرزند ارجمند شکیل احمدنقشبندی کو جامع مسجد کا نائب امام مقررکیاگیا ہے۔ صدر انجمن میرواعظ عمر فاروق نے نماز جمعہ کے موقع پر ایک خصوصی تقریب میں شکیل احمد نقشبندی کو نائب امام کی ذمہ داریاں سونپ دیں اور امام صاحب کی موجودگی میں انجمن کے عہدیداروں کے ساتھ موصوف کی باضابطہ دستار بندی کی۔ میرواعظ نے اپنی اور انجمن اوقاف کی طرف سے مولانا احمد سعید نقشبندی کی طویل خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اللہ تبارک و تعالی سے ان کی صحت و عافیت کی خصوصی دعا کی اور شکیل احمدنقشبندی سے منصب سنبھالنے پر نیک خواہشات کا اظہارکیا اور مبارکباد پیش کی۔ میرواعظ نے توقع ظاہر کی کہ شکیل احمد نقشبندی اپنے اکابر و اسلاف خاص طور پر والد گرامی مولانا احمد سعید نقشبندی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے تاریخی جامع مسجد کے تئیں اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانے کی کوشش کریں گے۔








