بڈگام میں بھارتی فوج کی گاڑی کی ٹکر سے خاتون جاں بحق
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرکے ضلع بڈگام میں بھارتی فوج کی گاڑی نے ایک خاتون کو ٹکر ماردی جس سے وہ جاں بحق ہوگئی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فوج کی گاڑی نے خاتون کو مین چوک چاڈورہ پر ٹکر ماری جس سے وہ شدید زخمی ہوئی،اسے سرینگر کے بون اینڈ جوائنٹس ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت 32سالہ صوبیہ جان کے طور پر ہوئی ہے جو سرینگر کی رہائشی تھیں۔پولیس نے بتایاکہ اس سلسلے میں مقدمہ درج کر لیاگیا ہے۔ تاہم واقعے میں ملوث فوجی ڈرائیور کو گرفتار نہیں کیا گیا کیونکہ بھارتی فورسز کے اہلکاروں کو آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ (AFSPA)کے تحت استثنیٰ حاصل ہے۔بھارتی فورسزکو مقبوضہ جموں وکشمیرمیںکالے قوانین کے تحت کشمیریوں کو قتل، گرفتاراور ہراساں کرنے کی کھلی چھوٹ ہے ۔انسانی حقوق کی تنظیمیں طویل عرصے سے تنقید کررہی ہیں کہ یہ قوانین علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا باعث بن رہے ہیں۔







