مقبوضہ کشمیر : محبوبہ مفتی پی ڈی پی کی دوبارہ بلامقابلہ صدر منتخب
سرینگر: غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی پارٹی کی دوبارہ بلا مقابلہ صدر منتخب ہو گئی ہیں ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں اور سرینگر سے تعلق رکھنے والے انتخابی کالج کے ارکان نے متفقہ طور پر محبوبہ مفتی کی دوبارہ صدارت کے حق میں حمایت کی۔محبوبہ مفتی 2002 سے مسلسل اس عہدے پر فائز ہیں۔
پارٹی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ محبوبہ مفتی کو دوبارہ صدر منتخب کرنے کی تجویز سابق وزیر اور پارٹی کے سینئر رہنما عبد الرحمان ویری نے پیش کی جبکہ پارٹی کے ایک اور سینئر رہنما محمد خورشید عالم نے اس تجویز کی تائید کی۔ پی ڈی پی کا کہنا ہے کہ اجلاس میں موجود انتخابی کالج کے تمام ارکان نے متفقہ طور پر محبوبہ مفتی کی امیدواری کی حمایت کی۔
بیان کے مطابق جموں سے تعلق رکھنے والے انتخابی کالج کے ارکان نے آن لائن اجلاس کی کارروائی میں حصہ لیا اور محبوبہ مفتی کی دوبارہ صدارت کے لیے متفقہ حمایت کا اظہار کیا۔








