ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کی کشمیری عوام کو عیدا لاضحی کے متبرک موقع پر دلی مبارکباد

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے کشمیری عوام کو عیدا لاضحی کے متبرک موقع پر دلی مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ دن ہمیں قربانی کا درس دیتا ہے اس لئے ہمیں ہر وقت حق کی سربلندی کے لئے کسی بھی قسم کی قربانی کے لئے تیار رہنا چاہیے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ کشمیری عوام بھارت کے ہاتھوں بدترین مظالم کا شکار ہیں جن کا واحد قصوریہ ہے کہ وہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ اپنے حقوق کا مطالبہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ظلم وبربریت کے ہتھکنڈے استعمال کرکےکشمیری عوام کی مبنی بر حق جدوجہد کو کچلنے کی کوشش کررہا ہے۔ حریت پسندکشمیریوں کو اپنے پیدائشی حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پر شہید کیاجارہا ہے، انہیں جیلوں میں سڑایاجارہا ہے اورخوف ودہشت میں زندگی گزارنے پر مجبورکیاجارہا ہے۔ترجمان نے کہا کہ بھارت مختلف بہانوںسے کشمیریوں کو دبانے کی کوشش کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے شہداءکے اہلخانہ اوردیگر متاثرین کی ضروریات کا خیال رکھیں ۔ ہمیں اس متبرک دن کے موقع پرشہداءاورمحبوسین کے والدین اوردیگر رشتہ داروںکو نہیں بھولنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ ہم شہداءکے قرضدار ہیں اورہمیں ان کے اہلخانہ کو عید الاضحی کے موقع پر تنہا نہیں چھوڑنا چاہیے۔ اس کے علاوہ بحیثیت مسلمان ہم یتیموں،بیواﺅں اوردیگر ضرورتمندوںکا خیال رکھنے کے پابند ہیں۔








