پاکستان فلسطین اور کشمیر سمیت دیرینہ تنازعات کے حل کی حمایت جاری رکھے گا، جنرل ساحر شمشاد مرزا
اسلام آباد:

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جنرل شمشاد مرزا نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈی کے اسلام آباد سمپوزیم 2025کے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیزاور نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے اشتراک سے منعقدہ اسلام آباد سمپوزیم کی اختتامی تقریب میں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان باہمی احترام اور عالمی قانون پر مبنی بقائے باہمی کے تصور سے ہم آہنگ رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ خطوں اور تہذیبوں کے سنگم پر کھڑا پاکستان اعتدال اور تعمیری سوچ پر کاربند ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان انصاف ، مساوات اور باہمی احترام پر مبنی متوازن عالمی نظام کی تشکیل کا خواہاں ہے ۔تقریب میں غیر ملکی سفیروں ، یونیورسٹی کے طلبا و طالبات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی ۔






