معرکہ حق میں بھارت کے 4رافیل طیارے تباہ ، دفاعی برتری کا بیانیہ خاک میں مل گیا
برطانوی دفاعی جریدے ''کی اء یرومیگزین ''کی رپورٹ میں انکشاف

اسلام آباد:برطانوی دفاعی جریدے ”کی ائیرومیگزین ”نے معرکہ حق میں انتہا پسند مودی حکومت اور شکست خوردہ بھارتی فوج کی نام نہاد ساکھ کی قلعی کھول دی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دفاعی جریدے کی تحقیقی رپورٹ میں انکشاف کیاگیاہے کہ معرکہ حق میں پاکستان کے ہاتھوں ذلت آمیز شکست بھارتی فضائیہ کیلئے مستقل ڈرانا خواب بن گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان اور بھارت کی 52منٹ کی فضائی جنگ کے دوران بھارتی فضائیہ کے 4جدید ترین رافیل لڑاکا طیارے تباہ ہوئے۔جن کے سیریل نمبرز BS001، BS021، BS022 اور BS027 تھے۔ رپورٹ کے مطابق بھارت ان چاروں طیاروں کے سیریل نمبرز کے ساتھ کوئی واضح تصاویر پیش کرنے میں ناکام رہا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے ملٹی ڈومین آپریشنز نے بھارتی فضائیہ کو مفلوج اور بھارتی پائلٹس کوبے بس کردیا ۔ بھارتی فضائیہ کے مجموعی نقصانات میں4رافیل، مگ 29، ایس یو 30اور ہیرون ڈرون شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق10مئی کو JF-17Cبلاک3نے اودھمپور میں بھارتی فضائی دفاعی نظام S-400کو ناکارہ بنا کر تباہ کیا جبکہ پاکستانی فضائیہ کے شاہینوں نے برنالا میں واقع بھارتی کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کو تباہ کر کے بھارتی فضائیہ کو ایک اور شدید دھچکا پہنچایا۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستانی سائبر یونٹس نے بھارت کے تقریبا 96فیصد سوشل نیٹ ورکس اور ڈیجیٹل نظام کو مفلوج کیا اور یہ پہلا موقع تھا کہ جب کسی فضائیہ نے سائبر اور روایتی عسکری اقدامات کو یکجا کر کے موثر کارروائی کی۔ اس سے قبل بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان نے بلومبرگ کو انٹرویو میں بھارتی طیاروں کی تباہی تسلیم کی تھی۔ نام نہاد پیشہ ورانہ مہارت، مہنگے ہتھیاروں اور کھوکھلے دعوں پر قائم بھارتی فضائیہ کی حقیقت دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے۔





