مقبوضہ جموں وکشمیر: خواتین ہیلتھ ورکروں کا تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

سرینگر : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں خواتین ہیلتھ ورکروں نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ضلع بانڈی پورہ کے علاقے حاجن میں بڑی تعداد میں ہیلتھ کارکنوں نے آج احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ چھ ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں جس کی وجہ سے انہیں شدید مالی پریشانی کا سامنا ہے۔انہوںنے کہا کہ تنخواہ نہ ملنے کی وجہ سے گھریلو اخراجات پورا کرنے میں مشکل کا سامنا ہے ۔ احتجاجی ہیلتھ ورکروں کا کہنا تھا کہ وہ صحت سے متعلق آگاہی مہموں، حفاظتی ٹیکوں کے پروگراموں اور نچلی سطح پر صحت کی دیکھ بھال کی خدمات میں حصہ لینے سمیت اپنے فرائض تندہی سے انجام دے رہی ہیں، لیکن اسکے باوجود گزشتہ چھ ماہ سے انہیں تنخواہ نہیں دی گئی جو شدید انصافی ہے۔
انہوں نے محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ فوری مداخلت کریں اور بغیر کسی تاخیر کے تمام زیر التواءتنخواہوں کے اجراءکو یقینی بنائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مسئلہ حل نہ ہوا تو احتجاج میں تیزی لائی جائے گی۔








