پاک۔امریکہ تعلقات میں غیر معمولی تیزی آئی ہے، سردارمسعود خان
امریکہ نے بھارت کیساتھ اپنی مرکزی سٹریٹجک پارٹنر شپ ختم کردی

اسلام آباد:امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ پاک امریکہ تعلقات غیر معمولی رفتار سے آگے بڑھ رہے ہیں،بھارت کو واشنگٹن میں نمایاں دھچکا لگا ہے اور وہ مرکزی اسٹریٹجک مساوات سے باہر ہو چکا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سردار مسعود خان نے ایک نشریاتی پروگرام میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان حالیہ سفارتی، معاشی اور اسٹریٹجک پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہتری کا آغاز مئی میں بھارت،پاکستان جنگ سے قبل ہو چکا تھا، تاہم اس کے بعد یہ عمل تیزی سے آگے بڑھا ہے، خصوصا فیلڈ مارشل عاصم منیر اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات کے بعد تعلقات کی بہتری میں غیر معمولی تیزی آئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس رابطے سے وائٹ ہائوس میں ایک نئی روایت قائم ہوئی اور پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت ملی۔ سردار مسعود خان نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات پر امریکی ٹیرف میں کمی اور 686ملین ڈالر کے ایف سولہ طیاروں کی اپ گریڈیشن پیکج کی منظوری بھی امریکہ کے نئے اسٹریٹجک اعتماد کی عکاس ہے جس کا مقصد پاکستان کے موجودہ ایف سولہ طیاروں کی جنگی صلاحیت، تربیت اور مشترکہ فوجی مشقوں کو بہتر بنانا ہے۔ اب واشنگٹن میں یہ احساس پیدا ہوا ہے کہ 2021کے بعد پاکستان سے متعلق امریکی پالیسی بنیادی طور پر درست نہیں تھی، بھارت کی روس کیساتھ تجارت امریکہ کو برداشت نہیں۔ سردار مسعود خان کے مطابق سینٹ کام اور پینٹاگون اب پاکستان کو صرف جنوبی ایشیا کے تناظر میں نہیں دیکھتے بلکہ مغربی ایشیا، وسطی ایشیا، خلیج، ایران، مشرقِ وسطی اور شمالی افریقہ تک اس کے کردار کو تسلیم کر رہے ہیں ۔







