مقبوضہ جموں و کشمیر

میرواعظ عمر فاروق اور انجمن نصرت الاسلام کی جانب سے علامہ رسول شاہ کو شاندار خراج عقیدت

سرینگر:
غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء میر واعظ عمر فاروق اور انجمن نصرت الاسلام نے آج وادی کشمیر میں جدید تعلیم کے بانی، ممتاز عالم دین اور سماجی رہنما علامہ رسول شاہ کوانکی 117ویں برسی پر شاندارخراجِ عقیدت پیش کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میرواعظ عمر فاروق نے سوشل میڈیا ایکس پر ایک پیغام میں کہاکہ علامہ رسول شاہ نے تعلیم کی انقلابی قوت کے ذریعے کشمیری سماج کو جہالت اور محکومی سے نکالنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔کشمیر میں جدید تعلیم کے بانی علامہ رسول شاہ نے 1899میں انجمن نصرت الاسلام کی بنیاد رکھی ۔ انجمن آج بھی اس عظیم رہنما کی وراثت کو آگے بڑھاتے ہوئے معاشرے کے پسماندہ اور محروم طبقات کی تعلیم پر خصوصی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔میرواعظ نے کہا کہ علامہ رسول شاہ کے بصیرت افروز مشن نے کشمیر میں ایک مضبوط تعلیمی و اصلاحی تحریک کی بنیاد رکھی جس کے اثرات آج بھی نسل در نسل محسوس کیے جا سکتے ہیں۔اس موقع پر انجمن نصرت الاسلام کے مرکزی دفتر میں دعائیہ مجلس منعقد کی گئی جس میں علامہ رسول شاہ کی درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔اس ادارے کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کرنے والے اساتذہ، ذمہ داران اور معاونین کے لیے بھی دعائے مغفرت کی گئی۔انجمن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنے بانی کے افکار اور مشن کے مطابق پسماندہ طبقات کے لیے تعلیمی مواقع کو مزید وسعت دیتی رہے گی۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button