یوم حق خودارادیت : مسلم کانفرنس کے زیر اہتمام نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں سیمینار کا انعقاد

اسلام آباد:آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے زیراہتمام یوم حق خودارادیت کے حوالے سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میںایک سیمینار منعقد کیا گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیمینار کی صدارت مسلم کانفرنس کے سابق صدر مرزا شفیق جرال ایڈووکیٹ نے کی۔اس موقع پر مسلم کانفرنس کے صدر اور آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان مہمان خصوصی تھے۔ معروف قانون دان سردار عبدالرزاق خان ایڈووکیٹ نے سیمینار کی نظامت کی ۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سردارعتیق احمد خان نے کہا کہ حق خودارادیت جموں و کشمیر کے عوام کا بنیادی حق ہے جس کی جڑیں تقسیم کے اصولوں اور بین الاقوامی قراردادوں میں پیوست ہیں۔کشمیریوں کا حق خود ارادیت تقسیم ہند کے اصولوں سے مشروط ہے ۔عالمی قراردادوں سے رو گردانی کسی نئے حادثے کا سبب بن سکتی ہے آزادی ہند کے اصولوں سے انحراف سارے خطے کو ازسر نو تقسیم کے عمل سے دوچار کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے عوام کی 6لاکھ شہدا کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جاسکتی مسئلہ کشمیر کے دیرپا حل کے لیے اقوام متحدہ کی آخری قرارداد کوہی بنیاد بنایا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کشمیر پر عالمی ادارے کی قراردادیں ایک بہترین روڈ میپ فراہم کرتی ہیںجموں وکشمیر ایک ناقابل تقسیم وحدت ہے ۔ خدانخواستہ اگر کشمیر میں تقسیم کی بنیاد رکھی گئی تو پھر اس خطے کی کئی اور ریاستوں کو بھی تقسیم کے عمل سے گزرنا پڑے گا۔ سردار عتیق نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے پرامن سیاسی اور مذاکراتی حل کے بغیر پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں کبھی بہتری نہیں آسکتی۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنماء شیخ عبدالمتین نے کہاکہ حق خودارادیت کشمیریوں سے کیاگیا ایک بین الاقوامی قانونی وعدہ ہے ، جس کے ذریعے کشمیری عوام کوتنازعے کا حقیقی فریق تسلیم کیاگیا ہے۔انہوںنے کہاکہ اس حق کے ذریعے اقوام متحدہ نے تنازعہ کشمیر کے حل کی قانونی بنیاد فراہم کی ہے۔مسلم کانفرنس کے رہنما ایڈووکیٹ مرزا شفیق جرال نے کہا کہ 5 جنوری کشمیری عوام کی جدوجہد، قربانیوں اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی یاد دہانی کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام سات دہائیوں سے اپنے بنیادی اور تسلیم شدہ حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، جسے عالمی برادری کی جانب سے مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں آج بھی مسئلہ کشمیر کے حل کی بنیاد ہیں، مگر بھارت ان قراردادوں پر عمل درآمد سے مسلسل انکار کر رہا ہے۔ انہوں نے عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔سیمینار سے مسلم کانفرنس کی سیکرٹری جنرل میڈم مہرالنسا، میجر سردار نصراللہ خان، میڈم شمیم علی ملک، ساجد قریشی ایڈووکیٹ، عاصم زاہد عباسی، راجہ ذکی جبار اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔





