مقبوضہ کشمیر : معروف سماجی اور سیاسی رہنماء پنڈت بھوشن بزاز انتقال کر گئے
حریت کانفرنس کا پنڈت بھوشن بزاز کے انتقا ل پر اظہار دکھ اورافسوس
سرینگر:
بھارت کے غیر قانونی طورپر زیر قبضہ جموںوکشمیرمیں معروف سماجی کارکن اور سیاسی مفکر اور جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فرنٹ کے بانی پنڈت بھوشن بزاز طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ انکی عمر 91برس تھی ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پنڈت بھوشن بزاز معروف کشمیری ادیب اور مورخ پنڈت پریم ناتھ بزاز کے بیٹے تھے۔ اپنے والد کی طرح وہ ایک اصول پسند کشمیری پنڈت کے طور پر مشہور تھے جو مقبوضہ علاقے بھائی چارے، کشمیریت اور پرامن بقائے باہمی کے ایک زبردست حامی تھے ۔بھوشن بزاز کو آزادی پسند سیاسی و سماجی حلقوں میں بڑی عزت اورقدرکی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا اور وہ جموں و کشمیر میں امن، مفاہمت اور مذاکرات سے متعلق اپنے اصولی موقف کیلئے مشہور تھے ۔انہوں نے اپنی پوری زندگی مقبوضہ کشمیرمیں ہم آہنگی، باہمی احترام اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے اور جمہوری اقدار کو برقرار رکھنے کے لیے وقف کررکھی تھی۔جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فرنٹ کے بانی کے طور پرپنڈت بھوشن بزاز نے جمہوریت پر مبنی ایک سیاسی نقطہ نظر اختیا رکیا ۔ان کے پسماندگان میں اہلیہ اور بیٹا شامل ہیں ۔ان کے انتقال پرسیاسی اور سماجی حلقوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے پنڈت بھوشن بزاز کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہاکہ بھوشن بزازکشمیری اخلاقیات کے ایک سچے حامی تھے اورکشمیریوں کے ساتھ انکی محبت، گرمجوشی اور پیار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔میرواعظ نے سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت بھی کیا ۔حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے بھی ایک بیان میں بھوشن بزاز اور ان کے والد پنڈت پریم ناتھ بزاز کی گرانقدر سیاسی اور سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کیاہے۔







