کہوٹہ میں معرکہ حق : آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار تقریب
کہوٹہ:معرکہ حق آپریشن "بنیان مرصوص”کی تاریخی کامیابی کوایک سال مکمل ہونے کے موقع پر کہوٹہ میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاک فوج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تقریب میں دفاعی، اسٹریٹجک اور سکیورٹی تجزیہ کاروں،کشمیری حریت رہنمائوں، دانشوروں، سیاسی و سماجی شخصیات، نوجوانوں اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیرشاخ کے رہنما زاہد صفی کے علاوہ راجہ فیصل عزیز جنجوعہ، میجر جنرل فاروق بشیر، بریگیڈیئر نعیم ستی، اسما (Usma)آقاش اور راجہ الحق نے خطاب کیا۔مقررین نے ملکی سلامتی کے لیے پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت، جرات، قربانیوں اور بے مثال خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج نے معرکہ حق کے دوران جرات ، بہادری، عسکری مہارت اور غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنا کر دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستان اپنے دفاع، خودمختاری اور سرحدوں کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔مقررین کا کہنا تھا کہ معرکہ حق کے جذبے کے تحت قومی اتحاد اس امر کا واضح پیغام ہے کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے۔






