مظفرآباد:26جنوری کو بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر یوم سیاہ منایا جائے گا

مظفرآباد:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ اور جموں کشمیر لبریشن سیل کے زیرِ اہتمام 26جنوری کو بھارتی یومِ جمہوریہ کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں یومِ سیاہ منایا جائے گا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اس سلسلے میں ایک بھرپور احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا جائے گا جس کا مقصد عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی جبر، غیر آئینی اقدامات اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کرانا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ اور جموں کشمیر لبریشن سیل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت کا نام نہاد یومِ جمہوریہ کشمیری عوام کے لئے کسی مسرت کا دن نہیں بلکہ یہ دن غلامی، جبر اور استحصال کی تلخ یاد دہانی ہے۔ بھارت آج تک جموں و کشمیر کے عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے تحت تسلیم شدہ حقِ خودارادیت دینے کے بجائے مقبوضہ خطے میں فوجی محاصرہ، جبری گمشدگیاں، ماورائے عدالت قتل، سیاسی رہنمائوں کی گرفتاریوں اور بنیادی آزادیوں پر قدغنوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ یومِ سیاہ منانے کا مقصد اس حقیقت کو اجاگر کرنا ہے کہ بھارتی آئین اور جمہوریت کے دعوے مقبوضہ کشمیر کی زمینی حقیقتوں سے یکسر متصادم ہیں اور کشمیری عوام کسی بھی صورت بھارتی قبضے کو تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں۔ بیان میں آزاد جموں و کشمیر کے عوام، سیاسی و سماجی تنظیموں، طلبہ، وکلا، سول سوسائٹی اور ذرائع ابلاغ سے پرزور اپیل کی گئی ہے کہ وہ یومِ سیاہ کے احتجاج میں بھرپور شرکت کرکے بھارتی مظالم کے خلاف اپنی اجتماعی آواز بلند کریں تاکہ عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا جائے، مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی، پیدائشی اور قانونی حق، حقِ استصوابِ رائے دیا جاسکے۔





