اقوام متحدہ کشمیریوں کو درپیش مشکلات کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرے، سول سوسائٹی
سرینگر :
غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں سول سوسائٹی کی تنظیموں نے اقوام متحدہ پر زور دیاہے کہ وہ حل طلب دیرینہ تنازعہ کشمیر کی وجہ کشمیری عوام کوپیش شدید مشکلات کے خاتمے کیلئے اقدامات کرے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سول سوسائٹی کے نمائندوں نے سرینگر میں ایک بیان میں عالمی طاقتوں بالخصوص امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کودرپیش مشکلات کا نوٹس لیں جنہیں حل طلب دیرینہ تنازعہ کشمیر کی وجہ سے مسلسل سیاسی ناانصافیوں کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام سمجھتے ہیں اقوام متحدہ اور طاقتور عالمی ممالک ان کی آخری امید ہیں جو انہیں سیاسی ناانصافیوں اور مشکلا ت سے نجات دلا سکتی ہیں ۔سول سوسائٹی کے اراکین نے اپنے بیان میں گائو کدل سرینگر، سوپور، ہندواڑہ، کپواڑہ، خانیار، بیج بہاڑہ اور زکورہ سمیت کشمیریوںکے قتل عام اور خواتین کی بے حرمتی کے سانحات کا خاص طورپر ذکر کیا۔سول سوسائٹی کے نمائندوں نے کہاہے کہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و تشدد ، ماورائے عدالت قتل ، جبری گمشدگیاں، غیر قانونی نظربندیاں اور بنیادی حقوق کی منظم خلاف ورزیاں جاری ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ دفعہ 370اور 35Aکی غیر قانونی منسوخی کے بعد سے مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو بگاڑنے ، اراضی اور جائیدادوں کی ضبطی کاسلسلہ تیز اورمسلسل غیر قانونی فوجی تسلط کی وجہ سے صورتحال مزید ابتر ہو گئی ہے۔







