بھارت :طیارہ حادثے میں مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ سمیت 5افراد ہلاک
ممبئی: بھارتی ریاست مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے رہنما اجیت پوارسمیت 5 افراد ایک طیارے کے حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹوریٹ جنرل نے تصدیق کی ہے کہ مہاراشٹر کے بارامتی ہوائی اڈے پر لیرجیٹ 45طیارہ لینڈنگ کے دوران کنٹرول کھو بیٹھا اورکریش لینڈنگ کے نتیجے میں طیارے میں آگ لگ گئی۔ اجیت پوار ضلع پریشدوں اور پنچایت سمیتیوں کے انتخابات کے درمیان ایک جلسہ عام میں شرکت کے لیے ممبئی سے بارامتی جا رہے تھے۔سرکاری عہدیداروں کے مطابق اجیت پوار کے علاوہ ان کے پرسنل سیکورٹی آفیسر ودیت جادھو، ایک اٹینڈنٹ جس کی شناخت پنکی جادھو کے نام سے ہوئی ہے اور پائلٹ سمیت عملے کے دو ارکان جہاز میں سوار تھے۔ پانچوں افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔حادثے کے فوری بعد ایمرجنسی سروسز، فائر بریگیڈ اور اعلیٰ سیکورٹی اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ مقامی لوگ شدید آگ کے باوجود امدادی ٹیموں کی مدد کرنے کی کوشش کر تے رہے۔ حادثے کی اصل وجہ کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس میں تکنیکی خرابی یا خراب موسمی حالات کا امکان بھی شامل ہے۔
واضح رہے کہ بھار ت میں فضائی حادثات میں بڑی تعداد میں جانی ضیاع ایک معمول بن چکا ہے ۔حالیہ برسوں میں کئی ہیلی کاپٹر اور ہوائی جہاز کے حادثات سامنے آئے ہیں ۔گزشتہ سال 12جون کو ائیر انڈیا کی پرواز کو پیش آنے والے حادثے میں 250سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے ۔




