مسئلہ کشمیرتقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے جس کا منصفانہ اور پائیدار حل ناگزیر ہے: ایاز صادق
اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اسپیکرسردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے جس کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق منصفانہ اور پائیدار حل ناگزیر ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سردار ایاز صادق نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میںکہا کہ پاکستان کی پارلیمان اور عوام کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اپنی مکمل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی قابض افواج کے مظالم، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور جبر و استبداد کا سامنا کر رہے ہیں جس پر عالمی ضمیر کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ قومی اسمبلی کے 24ویں اجلاس کے دوران ایوان نے متفقہ طور پر مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایک اہم قرارداد منظور کی جس میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا گیا اور عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔انہوںنے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر موثر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی آواز کو دبانے کی ہر کوشش ناکام ہو چکی ہے اور آزادی کی جدوجہد کسی صورت ختم نہیں کی جا سکتی۔انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کی حیثیت سے انہوں نے مختلف بین الاقوامی پارلیمانی فورمز، سفارتی روابط اور عالمی پارلیمانی وفود کے ساتھ ملاقاتوں کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے مسلسل کوششیں کی ہیں تاکہ کشمیری عوام کے جائز موقف کو دنیا کے سامنے موثر انداز میں پیش کیا جا سکے۔انہوں نے 5 اگست 2019ءکو بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے یکطرفہ اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آبادی کے تناسب میں تبدیلی اور کشمیری عوام کی شناخت کو مٹانے کی کوششیں قابل مذمت ہے اور انہیں کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کشمیری شہداءاور حریت رہنماﺅں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام نے آزادی، وقار اور انصاف کے لیے جو جدوجہد کی ہے، وہ تاریخ کا روشن باب ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیری عوام کے مقدمے کو بھرپور انداز میں اجاگر کرتا رہے گا۔ڈپٹی ا سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر دنیا کو کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کی یاد دہانی کراتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد، سفارتی حکمتِ عملی اور پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے مسلسل آواز بلند کرنا مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان، حکومت اور عوام کشمیری عوام کے جائز اور بنیادی حق کیلئے تمام علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر غیر متزلزل حمایت جاری رکھیں گے۔







