محمود احمد ساغرکی اسلام آباد خودکش دھماکے کی شدید مذمت

اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے سینئر رہنما اور جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی (ڈی ایف پی) کے قائم مقام صدر محمود احمد ساغر نے اسلام آباد کے نواحی علاقے میں ایک امام بارگاہ پر خودکش حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمود احمدساغر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں اس ظالمانہ حملے کو اسلام کے دشمنوں کی کارروائی قرار دیا جو فرقہ واریت کے ذریعے معاشرے میں انتشار پھیلانے کے درپے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن کا دین ہے اور دہشت گردی کے لیے اسلام میں کوئی جگہ نہیں کیونکہ یہ عالمی بھائی چارے، بین المذاہب ہم آہنگی اور مذاہب کے باہمی احترام کا درس دیتا ہے۔انہوں نے متاثرین اور ان کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دشمنوں کے مذموم منصوبوں کو ناکام بنانے اور ملک سے انتہا پسندی و دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کا موثر ذریعہ بین المذاہب ہم آہنگی اور معاشرے میں اتحاد ہے۔واضح رہے کہ جمعہ کو اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں امام بارگاہ خدیجہ الکبریٰ میں ہونے والے خودکش دھماکے میں کم از کم 31 افراد جاں بحق اور 169 زخمی ہوئے۔







