مقبوضہ کشمیر،انتظامیہ کی بے حسی کے باعث چناب ویلی پسماندگی کا شکار، محبوبہ مفتی

جموں،: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں انتظامیہ کی مسلسل عدم توجہی پر سخت تنقید کرتے ہوئے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ چناب ویلی کو جان بوجھ کر پسماندہ رکھا جا رہا ہے اور اس دیرینہ ناانصافی کا فوری خاتمہ ناگزیر ہو چکا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، ڈوڈہ میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ چناب ویلی کی ترقی کے لیے اسے ڈویژن کا درجہ دیا جانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے خطے کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے ہائی کورٹ کے ڈویژن بنچ، ریلوے رابطے اور ہر موسم میں آمدورفت کے لیے سرنگوں کی تعمیر کی ضرورت پر زور دیا۔محبوبہ مفتی نے چناب ویلی میں سیاحت کے وسیع امکانات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ڈوڈہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ذریعے پائیدار ترقی کو فروغ دیا جانا چاہیے۔انہوں نے اعلیٰ تعلیمی اور صحت کے اداروں کو بہتر بنانے، خواتین کے لیے ڈگری کالج، کلسٹر یونیورسٹی اور ہنر پر مبنی تعلیمی اداروں کے قیام کا مطالبہ بھی کیا۔








