متنازع ویڈیو کا معاملہ:آسام کے وزیراعلیٰ کے خلاف شکایت درج ، مجرمانہ کارروائی کا مطالبہ
اسدالدین اویسی کی طرف سے ہیمنت بسوا سرما کے خلاف پولیس میں شکایت درج
حیدرآباد:
آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اور حیدرآباد سے رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی نے ریاست آسام کے بی جے پی کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کے خلاف مسلمانوں پر گولی چلانے کی متنازعہ ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے پرپولیس کو شکایت درج کرائی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے سوشل میڈیا ایکس پر ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں انہیں مسلمانوں پر گولی چلاتے ہوئے دکھایاگیاتھا۔پولیس کمشنر کے نام اپنے مکتوب میں اسد الدین اویسی نے کہاہے کہ ہیمنت بسوا سرما گزشتہ کئی برسوں سے سوشل میڈیا، پرنٹ میڈیا، عوامی خطابات اور دیگر پلیٹ فارمز کے ذریعے مسلمانوں کے خلاف بیانات دے رہے ہیںاور حالیہ مہینوں میں اس میں شدت آئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی کے بیانات کا مقصد مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانا اور ہندوئوں اور مسلمانوں کے درمیان نفرت کو بڑھاناہے۔انہوں نے خط میں سپریم کورٹ کے فیصلے، شاہین عبداللہ بنام یونین آف انڈیا و دیگرکا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عدالت عظمی نے واضح کیا ہے کہ بنیادی حقوق کا تحفظ اور آئینی اقدار کی پاسداری ریاست اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے۔اسد الدین اویسی نے مزید کہا کہ 7فروری کو بھارتیہ جنتا پارٹی آسام کے سرکاری اکائونٹ سے بھی وزیراعلیٰ کی اس ویڈیو کو جاری کیا گیا، جسے اگلے دن ہٹا دیا گیا تاہم وہ اب بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے خلاف فوری اور ضروری قانونی کارروائی کی جائے۔






