دارالخیر میرواعظ منزل کی جانب سے آتشزدگی سے متاثرہ خاندانوں میں امدادی سامان کی تقسیم

سرینگر:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انجمن دارالخیر، میرواعظ منزل نے گزشتہ ہفتے سرینگر کے علاقے چھتہ بل میں پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعے کے متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آتشزدگی کے واقعے میں سات رہائشی مکانات اور گھریلو سامان جل کرخاکستر ہو گیا تھا۔دارالخیر میرواعظ منزل نے اپنے سرپرست میرواعظ عمر فاروق کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا گیاہے کہ متاثرین کی فوری امداد اور بحالی خاص طور پر موجودہ سرد موسم میں بہت ضروری ہے۔دارالخیر میرواعظ منزل کے ایک وفد نے مفتی غلام رسول سامون کی قیادت میں متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور متاثرہ خاندانوں میں ضروری امدادی سامان تقسیم کیا ۔دارالخیر میرواعظ منزل نے اس عزم کا اعادہ کیاہے کہ ادارہ بلا تفریق مذہب و ملت، قدرتی اور انسانی آفات سے متاثرہ افراد کی امداد اوردوبارہ آبادکاری میں مصروفِ عمل رہا ہے۔دارلخیرنے ایک مرتبہ پھر مخیر حضرات اور صاحب حیثیت افراد سے اپیل کی کہ وہ اس فلاحی ادارے کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھیں تاکہ ضرورت مند خاندانوں کی امدادی سرگرمیاں موثر انداز میں جاری رہ سکیں۔







