بھارت میں پرامن احتجاج کے بعد بائیں بازو کے طلباءکو ریپ اور جان سے مارنے کی دھمکیاں

نئی دہلی :یو جی سی کے سماجی مساوات سے متعلق ضوابط پر عملدرآمدکا مطالبہ کرنے کے لئے پرامن احتجاج کرنے پر آر ایس ایس سے وابستہ اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی) کے غنڈے آل انڈیا اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (اے آئی ایس اے) کے کارکنوں کو عصمت دری اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اے بی وی پی کی خاتون کارکن روچی تیواری نے ایک دلت صحافی نوین پر حملہ کیا اور بعد ازاں اے آئی ایس اے کی کارکنان انجلی اور نیہا کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کرنے کی کوشش کی۔ آر ایس ایس کے غنڈوں کا ایک ہجوم پولیس اسٹیشن پر جمع ہوگیا، کارکنوں کے ساتھ بدسلوکی کی ،دھمکیاں دیںاور انہیں گھنٹوں یرغمال بنائے رکھا۔اس واقعے نے بڑے پیمانے پر غم و غصے کو جنم دیا ہے اورلوگوں کا کہنا ہے کہ پولیس ہجوم پر قابو پانے میں ناکام رہی اور اس کے بجائے انہیں کارکنوں کو دھمکانے کی اجازت دی۔ آل انڈیا اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نے تشدد کی مذمت کی ہے اور قصورواروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ایسوسی ایشن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ تشدد کی مذمت کریں اور متاثرین کے لیے انصاف کا مطالبہ کریں۔




