بھارت پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے،اسرائیلی اقدامات خطے کے امن کیلئے خطرہ ہیں : دفتر خارجہ
اسلام آباد:
پاکستان میں دہشت گردی میں بھارت ملوث ہے، بھارت پاکستان مخالف پراپیگنڈا کرنے میں مصروف ہے، اسرائیلی اقدامات خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے اپنی ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ رواں ماہ سانحہ سمجھوتا ایکسپریس کو19 برس مکمل ہو گئے ہیں جس میں 70سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔ پاکستان بھارتی حکومت کی سنگ دلی اورحملے میں ملوث 4مجرموں کی رہائی کی مذمت کرتا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ترجمان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت، خصوصا کشتواڑ ضلع میں 3نوجوانوں کی شہادت کی بھی مذمت کی اور کہا کہ بھارت کشمیریوں کے جعلی مقابلوں اور دوران حراست قتل کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور اداروں کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کا سلسلہ جاری رکھے گا اور بھارت کو مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالیوں پر جواب دہ بنایا جانا چاہیے ۔ترجمان دفترخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ بھارت اور اسرائیل کے درمیان دفاعی تعاون سے آگاہ ہیں۔ پاکستان امن سے متعلق خطرات سے آگاہ اور ان کے لیے تیار ہے۔ بھارتی وزیر اعظم کے دورہ اسرائیل پر اسرائیل میں ہونے والے احتجاج پر یہی کہوں گا کہ یہ اچھی بات ہے کہ وہاں کچھ باضمیر لوگ اب بھی موجود ہیں۔طاہر اندرابی نے کہاکہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے غیر معمولی اجلاس میں پاکستان کا موقف پیش کرنے کے لیے سعودی عرب گئے ہیں۔انہوں نے مقبوضہ مغربی کنارے کو اسٹیٹ لینڈ میں تبدیل کرنے کے اسرائیلی اقدام کی مذمت اور واضح طورپرمخالفت کی۔ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان افغان عوام کے خلاف نہیں بلکہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کر رہا ہے اور دہشتگردی کے دستاویزی ثبوت اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں بھی پیش کیے جا چکے ہیں، قطر کی جانب سے پاک افغان مصالحت کی کوششیں خوش آئند ہیں، تاہم افغانستان کی جانب سے دھمکی آمیز بیانات افسوسناک ہیں، پاکستان کی افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس طرح کی دھمکیوں کے مقابلے کے لیے مکمل تیار ہیں۔







