زکورہ، ٹینگ پورہ قتل عام مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جاری نسل کشی کا حصہ ہیں: حریت کانفرنس

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے مطالبہ کیا ہے کہ زکورہ اور ٹینگ پورہ سمیت گزشتہ 37 سال کے دوران انجام دیے گئے قتل عام کے تمام واقعات میں ملوث بھارتی فوجیوںکے خلاف اقوام متحدہ کے جنگی جرائم کے ٹریبونل میں مقدمات چلائے جائیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے 1990 میں آج ہی کے دن سرینگر کے علاقوں زکورہ اور ٹینگ پورہ میں قتل عام کے دو الگ الگ واقعات میں 50 سے زائدنہتے کشمیریوںکو شہید کیا تھا۔بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے شام 5 بجے کے قریب ٹینگ پورہ میں ایک مسافر بس پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 5 خواتین سمیت 30 کے قریب افراد موقع پر ہی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔اس سے دو گھنٹے قبل سونہ مرگ سے واپس آنے والے بھارتی فوج کے قافلے نے زکورہ کراسنگ پر آزادی پسندوں کے ایک جلوس پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 11 افراد موقع پر ہی شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے تھے۔ زخمیوں میں سے بعد میں 18افراد صورہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے جس سے شہداءکی تعداد 29 ہوگئی۔ اگلے دن ایمنسٹی انٹرنیشنل نے قتل عام کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہاہے کہ بھارت نے اپنی جدوجہد آزادی کے دوران جلیانوالہ باغ کاصرف ایک قتل عام دیکھا، لیکن کشمیریوں نے 1990 سے اب تک بھارتی افواج کے ہاتھوں قتل عام کے درجنوں واقعات دیکھے ہیں۔ بھارت کا واحد مقصد کشمیری عوام کوخوفزدہ کرنا اور ان کی تحریک آزادی کو روکنا تھا، لیکن بھارت ایسا کرنے میں ناکام رہا کیونکہ قتل عام کے ان تمام واقعات اور جابرانہ اقدامات کے باوجود کشمیری عوام اپنی جدوجہدآزادی کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ حریت کانفرنس نے ایک بیان میں کہا کہ جموں و کشمیر دنیا کے سب سے زیاد ہ فوجی جماﺅ والے علاقوں میں سے ایک ہے اور بھارتی فوجی بے گناہ لوگوں کو قتل کررہے ہیںکیونکہ انہیں کالے قوانین کے تحت استثنیٰ حاصل ہے ۔حریت کانفرنس نے زکورہ اور ٹینگ پورہ قتل عام کے متاثرین کو آج ان کے 36 ویں یوم شہادت پرخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہدائے کشمیر کے مشن کو ہر قیمت پر پورا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ بیان میں کہاگیا کہ زکورہ اور ٹینگ پورہ قتل عام کی یادیں جموں و کشمیر کے لوگوں کے ذہنوں میں اب بھی تازہ ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جاری تحریک آزادی کو دبا نہیں سکتی اور کشمیری شہداءکے مشن کو ہر طرح کی مشکلات کے باوجود منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ حریت کانفرنس نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کی طرف سے کشمیریوں کی نسل کشی کا نوٹس لے ۔ بیان میں اقوام متحدہ کے جنگی جرائم کے ٹریبونل سے مطالبہ کیاگیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں قتل عام کے واقعات میں ملوث بھارتی فوجیوں کے خلاف کارروائی شروع کرے۔







