امریکی، اسرائیلی جارحیت خطے کو خطرناک اور تباہ کن راستے کی طرف دھکیل رہی ہے:میر واعظ
mi
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے مشرق وسطیٰ میں تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میرواعظ عمر فاروق نے سرینگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اوراسرائیل نے تمام بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے خطے کو خطرناک اور تباہ کن راستے کی طرف دھکیل دیاہے جنہوں نے ایک آزاد ملک پر حملہ کیا جہاں شہری انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور معصوم جانیں ضائع ہو رہی ہیں جبکہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ سمیت عالمی ادارے ان کی جارحیت کو روکنے کے قابل ہی نہیں ہیں ۔ انہوں نے جامع مسجد سرینگر پر مسلسل پابندیوں پر اپنے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ وزیر اعلیٰ سمیت خود کو کشمیری عوام کے منتخب نمائندے کہنے والے، چاہے وہ پارلیمنٹ میں ہوں یا اسمبلی میں، خاموش رہنے میں ہی عافیت سمجھتے ہیں اوروہ لوگوں کے جذبات اور بنیادی حقوق کے حوالے سے مکمل بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہیں جبکہ وادی کشمیر کی سب سے بڑی اور مرکزی عبادت گاہ تک لوگوں کی رسائی کوباربار زبردستی ر وکا جارہا ہے، یہاں تک اہم مواقع پر بھی مسجد کو بندکیا جاتا ہے۔.انہوں نے کہا کہ ان نمائندوں کو چاہیے کہ وہ اپنے عہدے کے ساتھ انصاف کریں اور عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے کھڑے ہوں۔قبل ازیں میرواعظ عمر فاروق نے ریذیڈنسی روڈ سرینگر میں قائم مسجد بلال میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں روزے اور عبادات کے ساتھ ساتھ روزمرہ کے معاملات بالخصوص تجارت اور کاروبار میں ایمانداری، انصاف اور دیانت سے کام لینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام زندگی گزارنے کے لئے تجارت کو ذریعہ معاش بنانے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، حلال طریقوں پر زور دیتا ہے اورمعاملات کو ایمانداری اور انصاف کے ساتھ انجام دینے کو عبادت کا درجہ دیتا ہے۔انہوں نے پیغمبر اسلامﷺکی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سچے اور امانت دار تاجر اسلام میں اعلیٰ مقام رکھتے ہیں اور ایمانداری سے تجارت میں برکت ہوتی ہے۔






