یومِ پاکستان کے موقع پر پاکستان کی حکومت اور عوام کو مبارکباد
اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں و کشمیر نے یومِ پاکستان کے موقع پر پاکستان کی حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان خطے اور عالمِ اسلام کے لیے امیدوں کا مرکز ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ پوری مسلم دنیا میں ایک اہم سیاسی و نظریاتی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کشمیری عوام سمیت مظلوم اقوام کے لیے امیدوں کا مرکز ہے اور اس کا قیام بے مثال قربانیوں اور تاریخی جدوجہد کا نتیجہ ہے جس پر پوری قوم کو اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ 23 مارچ کا دن برصغیر کے مسلمانوں کی اجتماعی بصیرت اور عزم کی یاد دلاتا ہے جب 1940 میں ایک علیحدہ وطن کے قیام کی قرارداد منظور کی گئی۔ اس تاریخی مرحلے پر شدید مخالفت اور سازشوں کے باوجود مسلم قیادت نے ثابت قدمی، حکمت اور اتحاد سے ایک آزاد ریاست کے خواب کو حقیقت میں بدلا، جس نے تاریخ کا رخ تبدیل کر دیا۔غلام محمد صفی نے کہا کہ پاکستان دنیا کا وہ واحد اسلامی ملک ہے جو کھلے اور دوٹوک انداز میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اس مستقل اور اصولی حمایت پر پاکستان کے شکر گزار ہیں اور اس کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے دعاگو رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قیام خالصتاً نظریاتی بنیادوں پر عمل میں آیا، جس کا تقاضا ہے کہ ہر پاکستانی اس کے بنیادی اصولوں، قومی تشخص اور نظریاتی اساس کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داری کو پہچانے۔ قومی اتحاد، معاشی استحکام اور ادارہ جاتی مضبوطی ہی پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔کنوینر نے امید ظاہر کی کہ ایک مضبوط، مستحکم اور باوقار پاکستان نہ صرف خطے میں امن و استحکام کا ضامن ہوگا بلکہ کشمیر اور فلسطین سمیت مظلوم اقوام کی آزادی کے لیے بھی موثر کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی نظریں اللہ تعالیٰ کے بعد پاکستان پر مرکوز ہیں اور وہ توقع رکھتے ہیں کہ پاکستان عالمی سطح پر ان کی آواز کو مزید مو¿ثر انداز میں بلند کرتا رہے گا اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات جاری رکھے گا۔








