پاکستان کو دنیا میں تنہا کرنے کی کوشش میں بھارت خود اکیلا ہو رہا ہے :سابق را سربراہ کا اعتراف

نئی دہلی: بھارت کی خفیہ ایجنسی” را “کے سابق سربراہ اے ایس دلت نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان کو دنیا میں تنہا کرنے کی کوشش میں بھارت خود اکیلا ہورہا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اے ایس دلت نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویودیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو تنہائی میں دھکیلنے کی کہانیاں پرانی ہوچکیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کبھی نہیں ٹوٹے گا، کبھی نہیں بکھرے گا،پاکستان اب ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثی کرارہا ہے،یہ کردار بھارت کو نبھانا چاہیے تھا۔اے ایس دلت کا کہنا تھا مسئلہ کشمیر بات چیت سے ہی حل ہوگا، پاکستان اور بھارت کے درمیان بات چیت کبھی نہیں رکنی چاہیے۔واضح رہے کہ دو روز پہلے آر ایس ایس کے سیکرٹری جنرل دتاتریہ ہوسابالے نے بھی کہا تھاکہ بھارت کو ہمیشہ پاکستان سے مذاکرات کے لیے تیار رہنا چاہیے، بات چیت کے دروازے بند نہیں کرنے چاہیے۔بھارتی فوج کے سابق سربراہ جنرل منوج نروانے نے بھی کہا تھا کہ دونوں ممالک کو بات چیت سے مسائل حل کرنے چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ دونوں طرف لوگوں کے مسائل ایک جیسے ہیں،ان کا سیاست، سےکورٹی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔








