لکھنو میں بھیانک آتشزدگی ،5سو جھونپڑیاں خاکستر
لکھنو : بھارتی ریاست اتر پردیش کے دارلحکومت لکھنو کے وکاس نگر علاقے میں آتشزدگی کے ایک ہولناک واقعے میں کم از کم 5سو جھونپڑیاں خاکستر ہو گئیں اور لاکھوں روپے مالیت کا سامان تباہ و برباد ہو گیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے طابق آگ اس قدر شدید تھی کہ اس کا دھواں تقریبا 10کلو میٹر دور سے دیکھا گیا ۔ مقامی افراد کی اطلاع پر فائر بریگیڈ اور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور طویل کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔ وکاس نگر سیکٹر 14میں رنگ روڈ کے کنارے واقع ایک خالی پلاٹ میں قائم جھونپڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی ۔ عینی شاہدین نے کہا کہ شام پانچ بجے ایک زور دار دھماکہ سنا گیا جس کے بعد آگ نے تیزی سے پھیل کر اطراف کی جھونپڑوں کو اپنی لپیٹ میں لیا۔ جھونپڑیوں میں تقریبا 2ہزار افراد مقیم تھے۔آگ کے دوران کئی سلینڈر پھٹنے سے صورتحال مزید سنگین ہو گئی او رکئی قریبی مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔فائر بریگیڈ کی تقریبا 20گاڑیوں نے تین گھنٹوں کی مسلسل کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا۔ اس دوران آس پاس کے تقریبا 50مکانات کو احتیاطی تدبیر کے طور پر خالی کرالیا گیا۔ واقعے میں تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ اس دوران رنگ روڈ اور اطراف کے علاقوں میں شدید ٹریفک جام پیدا ہوا جس کے نتیجے میں فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی متاثر ہوئیں۔آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہ ہو سکی۔






