خواتین ریزرویشن بل کی نامنظور ی دراصل بی جے پی کی بدنیتی کی شکست ہے، اکھلیش یادو

نئی دلی:بھارت میں سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے خواتین کے ریزرویشن کے نام پر لائے جانے والے دستوری ترمیمی بل کی پارلیمنٹ میں نا منظور ی کو بھارتیہ جنتا پارٹی کی بدنیتی کی شکست قرار دیا ہے ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق اکھلیش یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ ”عوام کے بڑھتے ہوئے غصے اور مخالف سے توجہ ہٹانے کیلئے ایک سازش کے تحت لائے گئے نام نہاد خواتین ریزرویشن بل کی نامنظور ی دراصل بی جے پی کی شکست ہے ،یہ اسکی بدنیتی کی بھی ہار ہے ، بی جے پی کا ہرقدم اور ہر بل یا تو چند لوگوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے ہوتا ہے یا پھر سماج کو تقسیم کرنے کی چال ہوتا ہے ، اس بار بی جے پی اس بل کے ذریعے خواتین کی یکجہتی میں دراڑ ڈال کر انہیں دھوکہ دینا چاہتی تھی لیکن اپوزیشن کی یکجہتی نے اس کے عزائم ناکام بنا دیے۔ یہ ملک میں بیدار ہونے والے عوامی شعور کی جیت ہے جس کی نمائندگی اپوزیشن کر رہی ہے ۔“انہوںنے مزید کہا کہ بی جے پی نے اقتدار میں رہنے کاجواز کھو دیا ہے ۔ پارلیمنٹ میں جو حکومت ہار جاتی ہے اسے باہر جانا چاہیے ،یہ عوام کی جیت ہے ، اسی لیے پورے ملک میں خوشی کا ماحول ہے اور لوگوں کو یقین ہو گیا ہے کہ برے دن ختم ہونے والے ہیں ۔ “







