پاکستان اپنی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا،وزیراطلاعات
اسلام آباد: وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پہلگام واقعہ بھارت کا فالس فلیگ آپریشن تھا، اپنی ناکامیوں پر پاکستان کو موردِ الزام ٹھہرانا بھارت کی پرانی عادت ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وزیراطلاعات عطا تارڑ نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کو ایک سال مکمل ہونے کے موقع پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ایک سال بعد بھی بھارت کوئی شواہد پیش نہ کر سکا۔ بھارتی اقدامات سے خطے کی ترقی و خوشحالی کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔عطا تارڑ نے بتایا کہ وزیراعظم نے پہلگام واقعے کے بعد بھارت کو تحقیقات کی پیشکش کی تھی، سکیورٹی کی موجودگی میں پہلگام واقعہ ہونا بھارت کے لیے باعثِ شرمندگی ہے اور یہ فالس فلیگ آپریشن سیاسی مفادات کے حصول کے لیے کیا گیا،وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دنیا آج بھی بھارت سے سوال کر رہی ہے کہ پہلگام واقعے کی تحقیقات کا کیا بنا؟ یہ واقعہ بھارتی کھوکھلی سوچ کو ظاہر کرتا ہے،انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر تسلیم شدہ بین الاقوامی مسئلہ ہے، جبکہ بھارت اسے اپنا داخلی معاملہ قرار دے رہا ہے جبکہ دہشت گردی ایک داخلی مسئلہ ہے جسے بیرونی مسئلہ بنا کر پیش کر رہاہے ۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ بھارت دہشت گردی کو بطور ریاستی پالیسی استعمال کرتا ہے۔ بھارت عالمی سطح پر دہشت گردی جیسے واقعات میں ملوث رہا ہے۔ مختلف ممالک میں سکھ رہنمائوں کے قتل کے حوالے سے شواہد اس امر کی نشاندہی کرتے ہیں کہ بھارتی ریاست ان معاملات میں ملوث ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی ریاستی پالیسی دہشت گردی پر مبنی ہے، کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کے بعد بھارت کی دہشت گردی پر مبنی پالیسی واضح طور پر بے نقاب ہو چکی ہے۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ بھارت پاکستان کے اندر دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہے۔ پاکستان کے پاس دہشت گردی کے واقعات میں بھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں ۔ وزیراطلاعات نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری، وقار اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ضروری اقدام جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی عسکری قیادت کے نئے آپریشن سندور کے بارے میں حالیہ بیانات دراصل ان کی ناکامی اور شکست کا اعتراف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ بات واضح طور پر سمجھ لینی چاہئے کہ کسی بھی قسم کی مہم جوئی کا فوری، موثر اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان نے بھارت کو ذلت آمیز شکست سے دوچار کیا ہے۔ بھارت آج تنہائی کا شکار ہے۔وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک محنت کے نتیجے میں آج پاکستان امن کیلئے کاوشیں کر رہا ہے۔





