بھارتی پولیس نے جموں میں نوجوان کو قتل کر دیا

جموں:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی پولیس نے ضلع جموں میں کارروائی کرتے ہوئے ایک نوجوان کو ہلاک کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی پولیس نے اتوار کی رات دیر گئے میران صاحب کے علاقے میں تلاشی کی کارروائی کی اور دو افراد کو گرفتار کیا جن کی شناخت ابھینیت سنگھ عرف ناگی اور اس کے ساتھی کے طورپر ہوئی ہے۔ایک پولیس افسرنے بتایا کہ پولیس نے خفیہ اطلاع کی بنیادپر مذکورہ علاقے میں ناکہ لگایا، موٹرسائیکل پرسوارملزمان نے ناکہ توڑنے کی کوشش کی تو پولیس نے انہیں دھر لیا۔ افسر نے دعویٰ کیا کہ پولیس ٹیم نے اس وقت فائرنگ کی جب ملزمان نے اندھیرے کی آڑ میں فرار ہونے کی کوشش کی۔ابھینیت سنگھ زخمی ہوا اور اسے ہسپتال لے جایا گیا جبکہ دوسرا ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ مفرور کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔حکام نے بتایا کہ ابھینیت سنگھ کو علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس حکام نے ابھینیت سنگھ کو ناگی گینگ کا رکن اور 13 سے زائد مقدمات میں ملوث قراردیاہے۔








