بھارت میں امریکہ ۔ا یران کشیدگی پر مودی حکومت کو تنقید، پاکستان کے سفارتی کردار کا چرچا
اسلام آباد:
ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کے سفارتی کردار کو اہم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ بھارت میں اس معاملے پر حکومت کو تنقید کا سامنا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق امریکی جریدے دی نیشنل انٹرسٹ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس بحران کے دوران پاکستان ایک کلیدی سفارتی فریق کے طور پر سامنے آیا اور اس کی کوششوں سے خطے میں بڑے پیمانے پر جنگ کے خطرے میں کمی واقع ہوئی۔بھارت میں اپوزیشن جماعتوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی خارجہ پالیسی پر سوالات اٹھائے ہیں، جبکہ کانگریس رہنما ششی تھرور نے کہا ہے کہ پاکستان سفارتی سطح پر بھارت سے بہتر کارکردگی دکھا رہا ہے۔رپورٹ میں مزید کہاگیا ہے کہ بھارتی سیاسی حلقوں میں اس معاملے پر شدید بحث جاری ہے اور مختلف تجزیہ کار حکومت کی پالیسیوں کو خطے میں بھارت کے کمزور کردار کی وجہ قرار دے رہے ہیں۔دوسری جانب بھارتی میڈیا پر بھی اس موضوع پر مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں، جہاں بعض مبصرین موجودہ خارجہ پالیسی کو غیر موثر قرار دے رہے ہیں۔







