منی پور کے دیہات پر ڈرون حملے، متعدد گھر جل کر خاکستر ، شہری نقل مکانی پر مجبور

امپھال: شورش زدہ بھارتی ریاست منی پور کے ضلع کامجونگ میں واقع دیہات پر مبینہ طور پر ڈرون حملوں کے بعد کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق باغیوں کی طرف سے ڈرون حملے کے نتیجے میں کئی مکانات جل کرخاکستر ہو گئے اور درجنوں خاندانوں نے مجبورا محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی کی ۔مختلف دیہات میں اچانک ڈرون کے ذریعے دھماکہ خیز مواد گرائے جانے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، جس سے متعدد گھر جل گئے۔ اطلاعات کے مطابق چھورو گائوں میں بیش تر مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔اگرچہ ابتدائی رپورٹس میں کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی، تاہم ایک ناگا شہری کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہیں، جس کے بارے میں مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اسے ممکنہ طور پر اغوا کیا گیا ہے۔ ایک اور دیہاتی کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ملی ہے۔علاقے کے مقامی ناگا رکن اسمبلی لیشیو کیشنگ نے شبہ ظاہرکیا ہے کہ حملوں میں کوکی نیشنل آرمی(برما) اور پیپلز ڈیفنس فورس سے وابستہ باغی ملوث ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے بھارتی فورسز کے ردعمل پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ قریب ہی موجودآسام رائفلز کے کیمپ کے اہلکاروں نے کوئی کارروائی نہیں کی۔واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔







