بنگلہ دیش کا اہم فیصلہ، سول سرونٹ ٹریننگ بھارت سے پاکستان منتقل کردی

لاہور :بنگلہ دیش نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے سول سرونٹ ٹریننگ بھارت سے پاکستان منتقل کردی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق لاہور میں پہلی بار بنگلہ دیشی افسران تربیت حاصل کر رہے ہیں،جسے ڈھاکہ کی خارجہ پالیسی میں اہم تبدیلی قراردیاجارہاہے ۔ بنگلہ دیش نے بھارت کے ساتھ اپنا پرانا تربیتی نظام معطل کردیاہے اور پاکستان سے دفاعی و اقتصادی تعاون میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش نے اپنی سول سروس کے اعلی افسران کی تربیت کا پروگرام بھارت سے پاکستان منتقل کرتے ہوئے ایک اہم سفارتی تبدیلی کا اشارہ دیا ہے، جس کے تحت پہلی بار سینئر بیوروکریٹس لاہور کے سول سروسز اکیڈمی میں تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ 2024میں شیخ حسینہ حکومت کے خاتمے کے بعد بنگلہ دیش کی خارجہ پالیسی میں وسیع تر تبدیلی کا حصہ ہے، جس کے تحت ڈھاکہ بھارت پر انحصار کم کرتے ہوئے اسلام آباد کے ساتھ تعلقات بہتر بنا رہا ہے۔








