بھارتی ٹی وی چینل کو تاج محل کو ہندو مندرقراردینے کے دعوے کے بعد مواد میں ترمیم کا حکم
نئی دہلی; بھارت کے نشریاتی ریگولیٹر”نیوز براڈکاسٹنگ اینڈ ڈیجیٹل اسٹنڈاڈز اتھارٹی“ NBDSA نے نیوز چینل” آج تک“ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایک پروگرام کے کچھ حصوں میں ترمیم کرے جس میں یہ متنازعہ دعویٰ کیاگیا تھا کہ تاج محل اصل میں ایک ہندو مندر تھا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ حکم 29 نومبر 2024 کو نشر ہونے والے”بلیک اینڈ وائٹ“ قسط کے بارے میں جاری کیا گیا ہے جس کی میزبانی صحافی سدھیر چودھری نے کی تھی۔اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پروگرام میں توازن کا فقدان تھا اور یہ غیر جانبدارانہ صحافت کو برقرار رکھنے میں ناکام رہا۔ حکمنامے میں کہاگیا ہے کہ جب شو میں آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) کی رپورٹوں کو چن چن کر استعمال کیا گیا تو ٹی وی پروگرام میں تاج محل کے بارے میں کوئی متوازن ریکارڈ پیش نہیں کیاگیا جس کے نتیجے میں یک طرفہ بیانیہ سامنے آیا۔ریگولیٹر نے چینل کو ہدایت کی ہے کہ وہ متعلقہ مواد میں ترمیم کرے تاکہ حساس تاریخی اور مذہبی معاملات پر انصاف اور درستگی کو یقینی بنایا جا سکے ۔






