جموں میں مسماری مہم کے خلاف احتجاج،متعددافراد گرفتار
جموں: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے جموں شہر میں بی جے پی حکومت کی جانب سے انسداد تجاوزات کے نام پر جاری مسماری مہم سے متاثرہ قبائلی خاندانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ایک احتجاجی مارچ کیاگیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموں شہر کے مضافات میں قابض حکام کی مسماری مہم سے متاثرہ قبائلی خاندانوں کی حمایت میں احتجاجی مارچ کو روکنے کے لئے بھارتی پولیس نے لاٹھی چارج کیا اورہوا میںگولیاں چلائیں جس سے مظاہرین اور بھارتی پولیس کے درمیان جھڑپیں شروع ہوئیں۔بھارتی پولیس نے احتجاج میں شامل قبائلی رہنما اور کارکن طالب حسین سمیت متعد افراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے ہوا میں گولیاں چلائیں اورلاٹھی چارج کیا۔آپریشن کے دوران 30 سے زائدرہائشی اور کاروباری ڈھانچے کو مسمار کیا گیا اوربھارتی پولیس نے رائکا بانڈی علاقے میں تقریباً 60 کنال اراضی جس کی مالیت کئی کروڑ روپے ہے، قبائلیوں سے چھین لی۔






