APHC-AJK

مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا کا ایک دیرینہ اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے، غلام محمد صفی

اسلام آباد:
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا کا ایک دیرینہ اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غلام محمد صفی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ حریت کانفرنس کشمیری عوام کے ناقابلِ تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کیلئے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور بین الاقوامی قانونی کی روشنی میں اپنی پرامن، جمہوری اور سیاسی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے کشمیری عوام کو آزادانہ، غیر جانبدارانہ اور منصفانہ استصوابِ رائے کے ذریعے اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا ہے۔ حریت کانفرنس اسی بنیادی حق کے حصول کو اپنی جدوجہد کا مرکز و محور سمجھتی ہے اور اپنی ہرممکن سیاسی، سفارتی اور عوامی کوششیں جاری رکھے گی۔غلام محمد صفی نے واضح کیا کہ حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کو تحریک حق خودارادیت کا مضبوط دست و بازو تصور کرتی ہے، جبکہ مملکتِ خداداد پاکستان کو کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کرنے والا ایک اہم فریق سمجھتی ہے۔غلام صفی نے کہا کہ موجودہ حالات میں قومی اتحاد، سیاسی بصیرت اور مشترکہ مقصد کے گرد اجتماع وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان، پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ حق خودارادیت اور استصواب رائے کے بنیادی نکتے پر مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور دوست و دشمن کے درمیان فرق کو ہمیشہ واضح رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی کامیابی کا راز ان کے اتحاد، قربانیوں اور اپنے قومی نصب العین سے غیر متزلزل وابستگی میں مضمر ہے۔حریت کنونیر نے مزید کہا کہ حریت کانفرنس کشمیری عوام کو حق خودارادیت کے مشترکہ قومی ایجنڈے پر متحد کرنے کو اپنی بنیادی ذمہ داری سمجھتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اسمبلی کی نشستوں یا دیگر داخلی امور سے متعلق اختلافات کو قومی اتحاد پر حاوی نہیں ہونا چاہیے، کیونکہ کشمیری عوام کی اصل منزل اور اولین ترجیح اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے مستقبل کے تعین کا حق حاصل کرنا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس اپنی تمام تر توانائیاں ریاست جموں و کشمیر کے عوام کے بنیادی، جمہوری اور سیاسی حقوق کے حصول، مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل اور کشمیری عوام کی اجتماعی امنگوں کی تکمیل کے لیے وقف رکھے گی اور اس مقصد کے لیے قومی اتحاد، سیاسی ہم آہنگی اور مشترکہ جدوجہد کے فروغ کو ہر سطح پر ترجیح دیتی رہے گی۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button