بھارت : انسانی حقوق کمیشن کا کشمیریوں پر حملوں کا نوٹس

نئی دہلی: بھارت میں قائم انسانی حقوق کمیشن نے ملک کے مختلف علاقوںمیں کشمیری شال فروشوں اور طلباءپر حملوں اورانہیں ہراساں کرنے کے واقعات کا نوٹس لیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کمیشن نے جموں و کشمیر سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کی طرف سے کئی ریاستوں میں کشمیری سال فروشوں اور طالب علموں پر حملوں ،انہیںڈرانے دھمکانے، ہراساں کرنے، امتیازی سلوک کے واقعات سے متعلق درج کرائی گئی ایک شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا ہے۔شکایت ہماچل پردیش، ہریانہ، اتراکھنڈ، دہلی، مہاراشٹر اور اتر پردیش میں پیش آنے والے واقعات کے بعد رواں سال کے شروع میں درج کی گئی تھی۔شکایت میں ان حملوں ،ہراساں کئے جانے اورتوہین آمیز واقعات کا حوالہ دیاگیا جن میں کشمیری شال فروشوں اورطلباءکو نشانہ بنایاگیا ہے اورانہیں وہ علاقے چھوڑنے پر مجبور کیا گیا جہاں وہ کئی دہائیوں سے مقیم تھے اور پرامن طریقے سے اپنا کام کر رہے تھے۔کئی کشمیری طلباء کا کہنا ہے کہ انہیں رہائش کے لئے کرایے پر کمرہ حاصل کرنے میں مشکلات، فرقہ وارانہ تعصب اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کا سامنا ہے۔







