امرناتھ یاترا کے ذریعے بھارتی پروپیگنڈا کا جواب دیا جائے: محبوبہ مفتی

سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کشمیری عوام پر زور دیا ہے کہ وہ آئندہ امرناتھ یاترا کو ایک موقع کے طور پر استعمال کریں تاکہ بھارتی پروپیگنڈے کا جواب دیا جا سکے تاکہ مثبت انسانی روابط کے ذریعے بھارت کی جانب سے پھیلائی ہوئی غلط فہمیوں اور پروپیگنڈے کا موثر جواب دیا جا سکے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پہلگام میں پارٹی کارکنان اور اسٹیک ہولڈرز سے خطاب کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ مقبوضہ خطہ اس وقت ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امرناتھ یاترا پر آنے والا ہر یاتری کشمیریوں کے لیے ایک مہمان اور سفیر کی حیثیت رکھتا ہے جو یہاں کے عوام، ثقافت اور روایات کی کہانیاں اپنے ساتھ واپس لے جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ”یاتری ہمارے خطے، ہمارے لوگوں اور ہماری اقدار کی کہانی ہندوستان کے ہر کونے تک پہنچاتے ہیں، اس لیے ہماری ذمہ داری ہے کہ وہ یہاں سے محبت، گرمجوشی اور مہمان نوازی کی یادیں لے کر جائیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر اور مسلمانوں کے بارے میں پھیلائی جانے والی غلط فہمیوں کا بہترین جواب دل سے کی گئی مہمان نوازی کے ذریعے دیا جا سکتا ہے، جس سے یاتری کشمیر کی روایتی محبت اور بقائے باہمی کے سفیر بن کر واپس جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق سالانہ امرناتھ یاترا آئندہ ماہ شروع ہو رہی ہے، تاہم اس موقع پر انتظامیہ کی جانب سے سخت پابندیوں کی تیاری بھی جاری ہے۔







