اتراکھنڈ: ہند و توا رہنما کی مسلم خواتین کیخلاف شدید ہرزہ سرائی

دہرادون: بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں ہندوتوا رہنما اور ہندو رکھشا دل کے ریاستی صدر للت شرما نے مسلم خواتین کے خلاف شدید ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ انکے پیٹ میں جو بھی اولاد ہیں ، ہم ان سب کو نکال کر مار دیں گے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہند توا رہنما کے اس اشتعال انگیز بیان کی ویڈ یو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں اسے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے ”مسلمان ”جہادی“ ہیں۔مسلم خواتین کے پیٹ میں جو بھی اولاد ہے، ہم ان سب کو نکال کر مار دیں گے۔“ للت شرما کی اس نفرت انگیز تقریر کی بڑے پیمانے پر مذمت ہو رہی ہے۔ صحافیوں، انسانی حقوق اور سماجی کارکنوں نے شرما کے بیان کو انتہائی خطرناک اور بھارتی قانون کے منافی قرار دیا۔ انہوںنے لکھا کہ شرما کی طرف سے بار بار اس طرح کی اشتعال انگیز زبان استعمال کی جا رہی ہے لیکن اسکے باوجود انکے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی ہے۔
صحافی وسیم اکرم تیاگی نے اتراکھنڈ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خاموشی پر سوال اٹھاتے ہوئے شرما کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندو توا رہنما نے آج تک کئی مرتبہ اس طرح کی نفرت سے بھری تقریریں کی ہیں۔
گوکہ پولیس نے شرما کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ محض مقدمہ درج کرنا ناکافی ہے بلکہ ہندو توا رہنما کے خلاف عملی کارروائی کی ضرورت ہے.






