بھارت: قرآنِ مجید کی گستاخی کے خلاف مسلم تنظیموں کا احتجاج، فوری کارروائی کا مطالبہ
شملہ: بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں مسلم تنظیموں نے قرآنِ مجید کے بارے میں سوشل میڈیاگستاخانہ پوسٹ کے خلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے ذمہ دار عناصر کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایک سوشل میڈیا اکائونٹ سے قرآنِ مجید کے بارے میں گستاخانہ پوسٹ کی گئی ۔ یہ پوسٹ تیزی سے سوشل میڈیا پر پھیل گئی جس کے باعث ریاست بھر کے مسلمانوں میں شدید تشویش اور غم و غصہ کی لہر ڈور گئی ۔متعدد مذہبی اور سماجی تنظیموں نے ضلعی انتظامیہ کو ایک یادداشت پیش کی ہے جس میں مطالبہ کیا گیا کہ پوسٹ کے ذمہ دار افراد کی فوری شناخت کرکے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ایک مسلم رہنما نے کہا کہ کسی بھی مذہب کی مقدس کتاب کی بے حرمتی ناقابلِ قبول ہے اور حکام کی ذمہ داری ہے کہ وہ قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے فرقہ وارانہ کشیدگی کو روکیں۔مسلم رہنمائوں نے کہا کہ اظہارِ رائے کی آزادی کو مذہبی عقائد اور مقدسات کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ مختلف مذاہب اور عقائد کے احترام ہی سے معاشرے میں امن، رواداری اور ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔




