مہاراشٹر:ٹیچر اہلیت امتحان پرچہ لیک ہونے کے بعد ملتوی
بی جے پی سیاسی جماعتیں توڑے میں مصروف ہے، حزب اختلاف
ممبئی:بھارتی ریاست مہاراشٹر میںٹیچر اہلیت ٹیسٹ( ٹی ای ٹی)2026سوال پرچہ کاایک حصہ لیک ہونے کے انکشاف کے بعد ملتوی کردیاگیاہے۔اس واقعہ سے تقریبا چھ لاکھ امید وار متاثر ہوئے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت میںگزشتہ ماہ نیٹ یوجی کا سوالیہ پرچہ لیک ہونے کے بعد یہ ایک اور بڑا امتحانی تنازعہ سامنے آیا ہے جس پر حزب اختلاف کی جماعتوں نے بی جے پی حکومت کو شدیدتنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ حزب اختلاف کے رہنمائوںکا کہنا ہے کہ حکومت امتحانی نظام کو شفاف بنانے کے بجائے سیاسی جماعتیں توڑنے میںمصروف ہے۔
پولیس نے دعویٰ کیاہے کہ اس نے ضلع تھانے کے علاقے بھونڈی سے تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے جنکا تعلق بہار اور ہریانہ سے ہے، انکے قبضے سے ٹی ای ٹی کے اصل سوالیہ پرچے کی نقول برآمد ہوئی ہیں ۔ پولیس نے کہاکہ گرفتار افراد ایک بین الریاستی گروہ سے وابستہ ہیں ۔ محکمہ تعلیم کے حکام نے بھی تصدیق کی ہے کہ پکڑنے جانیوالے افرادسے برآمد ہونے والا سوالنامہ 28جون کو ہونے والے ٹیسٹ کے اصل پرچے ہی ہیں۔ گرفتار افراد کیخلاف مقدمہ درج کر لیاگیاہے۔






