بھارتی مسلمانوں کا ناانصافیوں کے خلاف دہلی میں احتجاج کا اعلان
نئی دہلی :بھارت میں مسلمانوں نے جمہوری اور سیکولر اقدار کو متاثر کرنے والی ناانصافیوں کے خلاف 29 ستمبر کو دہلی کے جنتر منتر پر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق احتجاج کا اہتمام مانیٹرنگ کمیٹی فار انڈین مسلمز نے کیا ہے اور یہ مظاہرہ دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے تک ہوگا۔ منتظمین مذہبی مقامات کی مسماری اور اپوزیشن کے حامیوں اور مسلمانوں کے نام ووٹر فہرستوں سے خارج کیے جانے سے متعلق مسائل اٹھائیں گے۔
مجوزہ احتجاج انتخابی فہرستوں پر نظرثانی اور اقلیتی برادریوں اور مذہبی مقامات کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک کے حوالے سے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے اٹھائے گئے خدشات پروسیع تر سیاسی بحث کے دوران ہو رہا ہے۔ ووٹر فہرستوں سے نام خارج کیے جانے اور مسماری سے متعلق خدشات سیاسی بحث کا حصہ ہیں
دریں اثنا ءمقبوضہ جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والی پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے سیکولر سوچ رکھنے والے افراد سے 29 ستمبر کے احتجاج میں شرکت کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے ایکس پر جاری کیے گئے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ مساجد، مزارات اور گرجا گھروں کو مسمار کیا جا رہا ہے جبکہ اپوزیشن کے حامیوں، سیکولر سوچ رکھنے والے افراد اور بالخصوص مسلمانوں کے نام ووٹر فہرستوں سے خارج کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ جمہوریت اور بھائی چارے کی مشترکہ ثقافت کے تحفظ میں مدد کے لیے احتجاج میں شریک ہوں۔








