جماعت ہند کا ملک میں مساجد ، درگاہوں کے خلاف جاری انہدامی کارروائیوں پر اظہار تشویش
نئی دہلی:جماعت اسلامی ہند نے ملک کی مختلف ریاستوں میں مساجد، درگاہوں ، مدارس اور رہائشی آبادیوں کے خلاف جاری انہدامی کارروائیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائیاں سیاسی محرکات کے تحت انجام دی جارہی ہیں اور قانونی طریقہ یکسر نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جماعت اسلامی ہند کے رہنمائوں نے دارلحکومت نئی دلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ راجستھان ، اتر پردیش ، گجرات ، مہاراشٹر اور دلی سمیت مختلف ریاستوں میں مساجد ، درگاہوں ، مدارس اور مسلم ریائشی بستیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ، ایک مخصوس طبقے کو غیرمناسب طور پر نشانہ بنایا جا ررہا ہے جو آئینی مساوات کے اصول کے یکسر منافی ہے ۔
نائب امیر جماعت اسلامی ہندمحمد سلیم انجینئر نے کہا کہ مذہبی مقامات کے خلاف اس نوعیت کی منتخب کارروائیاں انتہائی تشویشناک ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ بی جے پی حکومت لوگوں کے دلوں میں خوف و دہشت پیدا کرکے حکمرانی کرنا چاہتی ہے ، انہدامی کارروائیاں سیاسی محرکات کے تحت کی جا رہی ہیں اور ان میں قانونی تقاضوں اور مقررہ طریقہ کار کی قطعاً پاسداری نہیں کی جا رہی ۔






